لاہور کی مقامی عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ اور رانا مشہود سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر 12 رہنماؤں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔
ویب ڈیسک: پنجاب پولیس نے کینٹ کچہری لاہور کی مقامی عدالت سے عطا اللہ تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری، سیف الملوک کھوکھر سمیت مسلم لیگ ن کے 12 دیگر رہنماوں کی گرفتاری کی اجازت مانگ لی۔ پولیس نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کے لیے مجسٹریٹ کے پاس درخواست دائر کر دی۔
تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے عدالت سے عطا تارڑ ، رانا مشہود، اویس لغاری ، سیف الملوک کھوکھر، ملک غلام حبیب اعوان، مرزا جاوید، پیر خضر حیات، راجہ صغیر، عبدالرؤف، پیر اشرف، بلال فاروق اور رانا منان کے وارنٹ گرفتاری مانگ لیے۔
پولیس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں وہ دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہے، انہیں گرفتار کر کے تفتیش مکمل کرنی ہے، وارنٹ جاری کرکے گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے پولیس کی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے بارہ رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ادھر پنجاب پولیس نے رانا مشہود کی گرفتاری کے لیے دوبارہ لاہور میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہ گھر پر نہیں ملے جبکہ جوہر ٹاؤن میں سیف الملوک کھوکھر کی رہائشگاہ کھوکھر پیلس پر بھی چھاپہ مارا گیا، لیکن وہ گرفتار نہ ہو سکے، پولیس نے رائیونڈ میں مرزا جاوید کے دفتر پر بھی چھاپہ، لیکن وہ بھی پولیس کے ہاتھ نہ آئے۔