کیا پاکستانی ٹیم نیدرلینڈز کو وائٹ واش کرسکے گی؟

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ کل روٹرڈیم میں کھیلا جائیگا، پاکستان کرکٹ ٹیم سیریز کے پہلے دونوں ون ڈے میچوں میں کامیابی حاصل کرکے دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کئے ہوئے ہیں، کل ہونے والے میچ میں سب سے اہم بات پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے یہ ہے کہ اگر پاکستانی کرکٹرز ڈچ کرکٹرز کو تیسرے ون ڈے میچ میں بھی کلین سوئپ کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں براہ راست کھیلنے کے امکانات روشن ہو جائینگے، پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیدرلینڈز کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں کنڈیشنز کی ناآشنائی کی وجہ سے کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ڈچ بیٹرز پاکستانی بائولنگ لائن کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے ہدف کے بالکل قریب پہنچ گئے تھے تاہم دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ڈچ کرکٹرز کو آسمان سے زمین پر اترا اور ایک شاندار جیت اپنے نام کی تھی، پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی جو گھٹنے کی انجری کے باعث پہلے دونوں ون ڈے میچوں میں شریک نہیں ہوسکے تھے کی آج کے میچ میں بھی شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ صبح ڈاکٹرز کی مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا، جس طرح کی کارکردگی پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں دکھائی بالخصوص بائولرز کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا اس کے بعد ٹیم میں تبدیلیاں کا کوئی امکان نظر نہیں آتا ہے لہٰذا ٹیم کے سفیر شاہنواز دھانی کل بھی شاید میچ کے اختتام پر مٹھائی تقسیم کرتے ہی نظر آئیں گے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور ٹیم مینجمنٹ اس بات پر متفق ہے کہ وننگ کمبی نیشن کو نہ چھیڑا جائے، ورلڈ کپ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر اگر نظر ڈالی جائے تو اس وقت انگلینڈ کی ٹیم ایک سو پچیس پوائنٹس کے ساتھ نمبر ون کی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے بنگلہ دیش کی ٹیم ایک سو بیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ پاکستانی ٹیم نے نیدرلینڈز کو پہلے دونوں ون ڈے میچوں میں شکست دیکر پوائنٹس کی تعداد ایک سو دس کرلی ہے جس کے بعد اسے اب ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل ہے، کل ہونے والے میچ میں کامیابی سے پاکستان کی ٹیم مزید دس پوائنٹس اپنی جیب میں ڈال سکتی ہے جبکہ ٹیم کو ابھی نیوزی لینڈ اور افغانستان کیخلاف بھی ون ڈے سیریز کھیلنی ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج پہلا ٹاکرا ہوگا