عمران خان کی تقریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد

ویب ڈیسک: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے تمام ٹی وی چینلز پر سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقریر براہ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
پیمرا نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمران خان کی براہ راست تقریر اور خطاب نشر نہ کریں۔ عمران خان کی ریکارڈ شدہ تقریر اور خطاب نشر کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔
اعلامیے کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تقریر پر پابندی پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت لگائی گئی ہے۔‘
پیمرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں ریاستی اداروں کے خلاف مسلسل بے بنیاد الزامات لگائے، ریاستی اداروں اور افسران کے خلاف ان کے بیانات آرٹیکل 19 کی بھی خلاف ورزی ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان نے سنیچر کی رات ایف نائن پارک اسلام آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’شہباز گل کو اس طرح اٹھایا گیا جیسے وہ کوئی بہت بڑا غدار ہو، اسلام آباد کے آئی جی، ڈی آئی جی ہم نے آپ کو نہیں چھوڑنا۔ ہم آپ کے خلاف کیس کریں گے۔‘
خاتون مجسٹریٹ کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ آپ کو پتا تھا کہ شہباز گِل پر ظلم ہوا ہے اور پھر بھی آپ نے اسے ضمانت نہیں دی۔ مجسٹریٹ صاحبہ زیبا، آپ بھی تیار ہوجائیں آپ کے اوپر بھی ہم ایکشن لیں گے۔

مزید پڑھیں:  جمشید دستی اورمحمد اقبال کی قومی اسمبلی رکنیت معطل