شہباز گل کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

شہباز گل کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بغاوت اور عوام کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کے مقدمے میں رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شہباز گِل کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شہباز گل کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے فیصلے میں پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز گل کو 24 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مزید جسمانی ریمانڈ کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں سماعت کے بعد عدالت نے جسمانی ریمانڈ کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ملزم شہباز گل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دےدیا تھا۔

مزید پڑھیں:  کراچی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پرخودکش حملہ،2 دہشتگرد ہلاک

عدالت نے 24 اگست کو شہباز گل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس حکام کو مکمل سہولیات کی فراہمی کی ہدایات دیں،
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کمرہ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی سے نہیں ملنے دیا جا رہا، کل رات بارہ افراد نے مجھے باندھ کر شیو کی، زبردستی ناشتہ کرانے اور کھانا کھلانے کی کوشش کی گئی، مجھے کپڑے بھی نہیں دیئےجا رہے، 5 دن سے نہا نہیں سکا، منہ نہیں دھوسکا، میں نے کبھی نہیں کہا میں مرنے لگا ہوں۔
شہباز گل کی گفتگو پر فاضل جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کہہ رہے ہیں تشدد ہوا مگر آپ کو تو ہتھکڑی بھی نہیں لگائی گئی۔
قبل ازیں عدالت نے شہباز گل کو ساڑھے 12 بجے تک پیش کرنے کا حکم دیا تھا جس پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کو عدالت میں پیش کر دیا۔

مزید پڑھیں:  بجلی چوری اور اوور بلنگ، ایف ائی اے کی چھاپہ مار ٹیموں کی سیکورٹی کا مطالبہ