غیر قانونی اسلحہ

شہباز گل کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
ویب ڈیسک: اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے میں چھاپہ مارا، جہاں سے اسلحہ اور ٹیلی فون برآمد ہوا تھا۔

بغاوت کے مقدمے میں پہلے سے گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ اسلحہ لائسنس یافتہ ہے جو اُن کے ڈرائیور کے پاس رہتا ہے، جس پر پولیس نے لائسنس طلب کیا تو کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود شہباز گل لائسنس پیش نہ کرسکے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20 بارش کی نذر

بعد ازاں اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں شہباز گل کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ شب پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے سے پسٹل برآمد ہوا تھا، ملزم شہباز گل نے اسلحہ کی ملکیت اپنے ملازم کی بتائی تھی، جس پر شہباز گل کو اپنے ملازم کا اسلحہ لائسنس پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:  انتخابی مہم کے دوران اخوندزادہ چٹان پر حملہ تشویش ناک ہے، بلاول بھٹو زرداری

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ شہباز گل نہ ملازم کو پیش کرسکے اور نہ ہی اسلحہ لائسنس یا اسلحے کا اجازت نامہ پولیس کو دکھا سکے، شہباز گل نے لائسنس کے بغیر نائن ایم ایم پسٹل رکھ کر جرم کا ارتکاب کیا۔