عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کیخلاف ایف آئی آر درج

عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کیخلاف ایک اور ایف آئی آر درج

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ آبپارہ میں ایک اور ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
ویب ڈیسک: اسلام آباد پولیس کے مطابق عمران خان کے خلاف مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی کی مدعیت میں درج مقدمے میں تحریک انصاف کے 17 رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ آبپارہ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد انوار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مورخہ 20اگست کو بسلسلہ لاءاینڈ آرڈر ڈیوٹی پر زیروپوائنٹ مقام پر موجود تھا، تقریباً ساڑھے 6 بجے شام ایک ریلی جس میں پی ٹی آئی کے سرگرم رکن مراد سعید، فیصل جاوید خان، شیخ رشید احمد، اسد عمر، راجہ خرم نواز، علی نواز اعوام، سجاد وسیم، صداقت عباسی، شبلی فراز، فواد چوہدری، سیف اللہ خان نیازی، شہریار آفریدی، فیاض الحسن چوہان، اسد قیصر، ظہیر عباس کھوکھر، میجر غلام سرور سمیت دیگر درجنوں مرد وخواتین جو کہ راولپنڈی، بہارہ کہو اور اسلام آباد کے دیگر اطراف سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایماء پر زیروپوائنٹ پل پر آکر جمع ہوگئے۔

مزید پڑھیں:  تہران، سالانہ فوجی دن پر پریڈ، فوجی طاقت کا مظاہرہ

شرکاء کی تعداد تقریباً 1000 اور 1200 کے لگ بھگ تھی، جنہوں نے پی ٹی آئی کے بینرز اور جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور نعرہ بازی کررہے تھے کہ شہباز گل کو رہا کرو۔

مزید پڑھیں:  یو اے ای میں‌بارشوں کے باعث پاکستانی قونصل خانہ بند ، اعلامیہ جاری

اس موقع پر انہوں نے سڑک کو بلاک کرکے عام لوگوں کو ڈرایا دھمکایا اور عام شہریوں کے آنے جانے پر پابندی لگا دی، جس سے عام لوگوں کے روز مرہ کاروبار میں کافی دشواری پیش آئی اور شرکائے ریلی نے لاؤڈ اسپیکر استعمال کرتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

اسلام آباد میں احتجاج و ریلی پر پابندی کے باوجود کوئی منتشر نہ ہوسکا، جس کے تحت آبپارہ پولیس نے ایمپلی فائر ایکٹس سمیت زیر دفعات 188، 186، 506، 341 اور 109 کے تحت مقدمہ نمبر 728/22 درج کرکے تفتیش شروع کردی۔