حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی

حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی، کراچی سے متعلق فیصلہ آج ہوگا، ای سی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلے کیلئے آج ای سی پی کا اجلاس دوبارہ طلب۔
ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری تازہ ترین وضاحتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سیلاب کی بد ترین تباہ کاریوں، نقصانات، لوگوں کی نقل مکانی، سے متعلق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، ضلعی انتظامیہ کی سفارشات اور موسمیات کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات صورت حال بہتر ہونے تک ملتوی کردیے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور، ہلکی بارش سے موسم خوشگوار، صوبہ بھر میں بارشوں کا امکان

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کا اجلاس آج 24 اگست 2022 کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے، جس میں سندھ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف نکات ، مشکلات اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے حالیہ بارشوں کے باعث الیکشن کمیشن سے کراچی حیدرآباد ڈویژنوں میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔ جس کے لیے سفارش الیکشن کمیشن کو ارسال کی جا چکی ہے۔

مزید پڑھیں:  پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع، اپوزیشن جماعتوں کا شور شرابہ

یاد رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات مقررہ شیڈول پر کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم صوبائی حکومت کی درخواست اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلے پر نظر ثانی کیلئے آج 24 اگست کو دوبارہ ای سی پی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔