images 5

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو جھوٹا قرار دے دیا

واشنگٹن ڈی سی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی میڈیا کو ’جھوٹا‘ کہتے ہوئے لکھا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں روزانہ پریس کانفرنس کا کوئی مقصد نہیں۔ کورونا کے علاج کے لیے نامعقول تجویز دینے والے امریکا کے صدر ٹرمپ صحافیوں کے سخت سوالات سے ڈر گئے اور انھوں نے ہفتے کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی پریس کانفرنس ہی منسوخ کر دی۔
امریکی صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پریس کانفرنس منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

اپنی ٹویٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو ایک بار پھر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’لنگڑا میڈیا‘ صرف جارحانہ سوال کرتا ہے اور بعد میں سچائی یا حقیقت کی رپورٹنگ درست طور پر نہیں کرتا۔ اس سے انہیں ریٹنگ تو مل جاتی ہے لیکن امریکی عوام کو صرف جھوٹی خبریں ملتی ہیں۔ اس پر وقت اور توانائی صرف کرنا فضول ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی پریس کانفرنسز دکھا کر میڈیا ریٹنگ تو حاصل کر لیتا ہے مگر ان کی جھوٹی خبریں دینے کے سبب عوام کو کچھ نہیں ملتا۔ خیال رہے کہ سائنس سے ناواقف صدر ٹرمپ نے دو روز پہلے پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ انہوں نے ڈاکٹروں کو تجویز پیش کی ہے کہ کورونا مریضوں کے علاج کے لیے ان کے جسم میں الٹراوائلٹ شعاعیں داخل کرنے اور جراثیم کش محلول کے انجیکشن لگانے کے تجربات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں:  لبنان، پیجرز اور واکی ٹاکی دھماکوں میں شہداءکی تعداد 37 تک جا پہنچی
مزید پڑھیں:  پرانے سعودی طیاروں کی بذریعہ ٹرک منتقلی توجہ کا مرکز بن گئی

ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں کا کہنا ہے کہ روزانہ پریس کانفرنس سے ٹرمپ کی مقبولیت بڑھنے کے بجائے بہت تیزی سے نیچے جارہی ہے جس کا براہِ راست اثر ان کی صدارتی مہم پر پڑے گا۔ اس لیے انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ فی الحال وہ پریس کانفرنس کرنے سے جتنا دور رہیں، ان کی انتخابی مہم کےلیے اتنا ہی بہتر ہے۔