وزیراعظم شہباز شریف نے تمام سرکاری محکموں کو اپنے کھیلوں کے شعبے (ڈیپارٹمنٹل سپورٹس) بحال کرنےکا حکم دے دیا۔وزیراعظم ہاؤس میں دولت مشترکہ اور اسلامی یکجہتی گیمز میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایتھلیٹس سے ملاقات کی اور میڈل جیتنے والوں کھلاڑیوں کو انعامی چیک دیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی دکھائی اور میڈل جیت کر قومی پرچم بلندکیا اور پاکستان کا نام روشن کیا
ملک و قوم کا نام روشن کرنے والوں پر قوم کو فخر ہے، آپ کی کامیابیوں سے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، محنت کریں اورکامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اولمپیئن جویلین تھرور ارشد ندیم اور تمام کھلاڑیوں کے مطالبات پورے کرنےکا اعلان کیا اور تمام سرکاری محکموں کو اپنے اسپورٹس شعبے بحال کرنےکا حکم دے دیا۔ خیال رہےکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس پر پابندی لگائی تھی۔