وادی کاغان میں سیلاب کی تباہ کاریاں

وادی کاغان میں سیلاب کی تباہ کاریاں، بالائی ہزارہ میں 21 افراد جاں بحق

وادی کاغان میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچا دی، بالاکوٹ میں 14 افراد سمیت بالائی ہزارہ میں 21 افراد جاں بحق، درجن کے قریب دکانیں اور دو ہوٹل دریا برد، متعدد گاڑیاں بھی دریا میں بہہ گئیں۔
ویب ڈیسک: ذرائع کے مطابق وادی کاغان میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، تحصیل بالاکوٹ میں 14 افراد سمیت بالائی ہزارہ میں 21 افراد جاں بحق ہو گئے۔
منور نالہ میں شدید طغیانی کے باعث مہاندڑی کے مقام پر دس سے زائد دکانیں، دو ہوٹل دریا برد، متعدد گاڑیاں بھی دریا میں بہہ گئیں جبکہ ایک مسجد شہید ہونے کے ساتھ ساتھ ہائی سکول مہانڈری، پرائمری سکول مہانڈری اور پولیس چوکی مہانڈری کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق منور نالہ میں خاتون ، مہانڈری میں خانہ بدوش خاندان کے آٹھ افراد منور ویلی میں چار افراد جبکہ بڈھوار کے مقام پر بھی خاتون لکڑیاں پکڑنے کی کوشش میں دریا میں بہہ گئی، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ عدنان خان کے مطابق 14افراد جاں بحق ہوئے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دریا میں بہہ جانے والے سات افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں،
ذرائع کا کہنا ہے کہ دریائے کنہار کے کنارے آباد مقامی افراد کی بڑی تعداد نقل مکانی کر چکی ہے، مہانڈری میں دریائے کنہار کے کنارے موجود ہوٹل پارکنگ سے پانچ سے زائد گاڑیاں بھی سیلابی ریلے میں بہہ چکی ہیں، شاہراہ کاغان کئی مقامات سے سیلابی ریلوں اور سلائیڈنگ کی زد میں آکر ٹریفک کے لئے بند ہے۔
جہاں انتظامیہ کی جانب سے اب تک سات افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے وہاں دوسری طرف انتظامیہ نے ایوب پل ٹریفک کےلئے بند کرکے سیاحوں کو واپس جانے کی ہدایت کی ہے اور آگاہ کیا ہے کہ متعدد رابطہ سڑکوں سمیت تین پل بھی تباہ ہونے سے شاہراہ قراقرم بند ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا شام شہر حلب پر فضائی حملہ ،38افراد جاں بحق