آرمی چیف کی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپیل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خیر پور او ر قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا،آرمی چیف کی دوست ممالک اور پاکستانی مخیر حضرات سے سیلاب زدگان کے لیے تعاون کی اپیل۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خیر پور اور قمبر شہداد کوٹ کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں کام کرنے والے جوانوں سے بھی ملاقات کی۔
آرمی چیف نے سیلاب متاثرین سے بات چیت کی، میڈیکل اور ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا، سیلاب متاثرین نے مدد کرنے، مسائل سننے اور حل کے لیے اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں کو متاثرین کی داد رسی اور ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی مدد ایک مقدس فریضہ ہے، اپنی صلاحیتوں کے مطابق قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پاکستان کے مخیر حضرات اور دوست ممالک سے زیادہ سے زیادہ تعاون کی اپیل کی ہے ۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ میں چند دنوں سے سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کررہا ہوں، کل میں نے بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلا جبکہ آج میں خیر پور سندھ آیا ہوں، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ رواں سال سیلاب سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کو ٹھیک کرنے اور لوگوں کی بحالی میں کئی سال لگ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، پاکستان آرمی، نیوی، ائیرفورس اور فلاحی ادارے کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو ریلیف پہنچایا جائے۔ ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن فیڈرل گورنمنٹ، صوبائی گورنمنٹ اور آرمڈ فورسز کے وسائل محدود ہیں۔

مزید پڑھیں:  دہشتگردوں کو دستیاب غیر ملکی اسلحہ خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار