نوٹی فکیشن معطل

عمران خان کی براہ راست تقریر پر عائد پابندی کا نوٹی فکیشن معطل

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سےعمران خان کی براہ راست تقریر نشر کرنے پر عائد پابندی کا پیمرا کا نوٹی فکیشن 5 ستمبر تک معطل۔
ویب ڈیسک: عمران خان کی جانب سے ان کی تقاریر براہراست نشر کیے جانے پر پیمرا کی طرف سے عائد پابندی کے فیصلے کےخلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پیمرا کے احکامات معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت بیرسٹر علی ظفر، فیصل چوہدری اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے تو بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ملک میں سیلاب متاثرین کے لیے عمران خان ٹیلی تھون کرنا چاہتے ہیں، ٹیلی تھون سے سیلاب متاثرین کے لیے بڑی رقم اکٹھا ہوگی۔
عدالتی ہدایت پر وکلا نے عمران خان کی تقریر کا ٹرانسکرپٹ پڑھا جس پر چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ عمران خان کی تقریر کا دفاع کرتے ہیں؟ کیا ججز کو اس طرح دھمکیاں دی جاسکتی ہیں جس طرح دی گئی؟ تین سال جس طرح ظلم کیا گیا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، بہت بوجھل دل سے کہہ رہا ہوں کہ عدلیہ کو دھمکیاں دینے کی امید نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ افسوس ہے موجودہ حکومت وہی کر رہی ہے جو پچھلے تین سال ہوتا رہا، ایک خاتون جج کو دھمکیاں دی گئیں، کہا گیا جج کو چھوڑیں گے نہیں، کیا پارٹی لیڈر نے اپنے فالورز کو کہا کہ خاتون جج کو نہیں چھوڑنا؟ میرے بارے میں کہا جاتا تو کوئی بات نہیں لیکن خاتون جج کو دھمکیاں دی گئیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ٹارچر ناقابل معافی ہے، خاتون جج کو دھمکیاں دینا اس سے بھی زیادہ ناقابل معافی ہے، پورے تنازع میں شہباز گل کے فیئر ٹرائل کو متنازع بنا دیا گیا، ٹارچر ایک الگ مسئلہ ہے آپ نے اس کو بھی متنازع بنایا۔
وکیل نے کہا کہ عمران خان کو اپنے بیان پر شوکاز نوٹس مل چکا ہے، عمران خان کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو چکا ہے۔
فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں نے شہباز گل پر تشدد کے نشانات دیکھے ہیں، بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پیمرا کہتا ہے کہ چینل نے ٹائم ڈیلے کی پالیسی نہیں اپنائی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سارے چینلز نے بغیر ٹائم ڈیلے کے دکھایا ہے؟ پھر تو یہ ذمہ داری نیوز چینلز پر آتی ہے، اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ پھر یہ براہ راست تو چلتا ہی نہیں ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ 12 سیکنڈز کا ٹائم ڈیلے ہوتا ہے تاکہ کوئی غلط بات کرے تو اسے سینسر کیا جاسکے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پھر تو ایکشن نیوز چینلز کے خلاف ہونا چاہیے، اگر کوئی سزا یافتہ نہیں تو اس پر ایسی پابندی نہیں لگائی جاسکتی، ہمارے تھانوں کا کلچر ہے کہ ٹارچر ہوتا ہے، جس جذبے سے اپوزیشن میں آکر بولتے ہیں اگر حکومت میں آکر بولیں تو صورتحال مختلف ہو، یہ قوم آج بھی تقسیم ہے اور اسے متحد کرنے کی ضرورت ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ چینلز نے ٹائم ڈیلے نہیں کیا تو پیمرا نے ہمیشہ کے لیے عمران خان کی براہ راست تقاریر پر پابندی لگا دی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ایگزیکٹوز جب حکومت میں ہوتے ہیں تو بھول جاتے ہیں کہ تھانے میں ٹارچر ہوتا ہے، آج تک کسی بھی ایگزیکٹو نے ٹارچر کو ایشو کے طور پر نہیں دیکھا۔
وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں پیمرا نے عمران خان کی تقریر پر پابندی لگا کر اختیار سے تجاوز کیا اور موجودہ حالات میں عمران خان کی تقریر پر پابندی کی کوئی مناسب وجہ نظر نہیں آتی۔
عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت 5 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  پشاور، صوبہ بھر میں میٹرک امتحانات شروع، 3 ہزار سے زائد امتحانی ہال قائم