صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سیلاب سے متاثرہ ضلع نوشہرہ کا دورہ

ویب ڈیسک: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آج خیبرپختوںخوا کے سیلاب سے متاثرہ ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا ہے۔ مردان پل پر ضلعی حکام نے سیلاب صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور گھروں کی دوبارہ تعمیر کیلئے صوبائی حکومت اقدامات کی رفتار مزید تیز کرے، سیلاب متاثرین کی مشکلات کے جلد حل کیلئے ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں۔پوری قوم دل کھول کر متاثرین سیلاب کی امداد کرے، پاکستانی قوم نے ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے بھائیوں کی دادرسی کی ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ فوجی و سول اداروں اور فلاحی تنظیموں نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے قابل تحسین کام کیا۔

دورے کے دوران صدر مملکت کو نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے سیلاب کے حوالے بریفنگ دی۔ متعلقہ حکام نے کہا کہ تقریباَ ایک لاکھ 50 ہزار افراد سیلاب سے متاثر ہوئے، متاثرین کی امداد کے لیے 100 امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں، کیمپوں میں 25000 کے قریب متاثرین موجود ہیں۔
بریفنگ کےدوران حکام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی رقم دوگنا کر دی ہے۔ سیلاب کی بروقت اطلاع کی وجہ سے آبادی کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، نوشہرہ میں دریائے کابل پر حفاظتی بند نے اپنی صلاحیت سے زیادہ سیلابی ریلہ برداشت کیا۔

مزید دیکھیں :   حکومت اسمبلی توڑنے اور اپوزیشن بچانے کیلئے متحرک