عمران خان کے خلاف لمبی کارروائی شروع ہونے والی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمرا ن خان ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، انکے خلاف لمبی کارروائی شروع ہونے والی ہے، کچھ ہوگئی کچھ ہونے والی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے جلسے میں آرمی چیف کے حوالے سے غلط بیانی کی پاکستان میں کئی آرمی چیف مقرر ہوئے ،کوئی متنازعہ نہیں بنایا گیا ،عمران خان نے یہ کام کرلیا۔ کچھ اداروں کا تقدس پاکستان کے سلامتی کے لیے ہے، عمران خان اپنے مفاد کے لیے ملک سے نہ کھیلیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان مسلسل ملکی معیشت اور دفاع پر حملے کررہے ہیں عمران خان نے اپنے دور میں ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا۔ عمران خان کے خلاف کرپشن کے سکینڈل ہیں ، انکے خاندان کے افراد کا نام بھی کرپشن سکینڈل میں شامل ہیں، انکے خلاف لمبی کارروائی شروع ہونے والی ہے، کچھ ہوگئی کچھ ہونے والی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جب سے ہم ایٹمی صلاحیت بنے ہمارے پڑوسی ممالک ہمارے مخالف بنے، بھارت شروع سے ہماری معیشت اور دفاع پر حملے کرتا رہاہے، بھارت نے آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ پاکستان کو قرض نہ دیا جائے، بھارت پاکستان کو معاشی اور دفاعی طور پر کمزور دیکھنا چاہتاہے۔ عمران خان بھی مسلسل ملکی معیشت اور دفاع پر حملے کررہےہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا عمران خان نے بہاولپور جلسے میں آرمی چیف کے حوالے سے غلط بیانی کی فوج میں اعلیٰ عہدوں کی تقرری کو سیاسی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، سیاستدان سیاسی جنگیں سیاسی میدان میں ہی لڑیں، فوج سیاستدانوں کو تحفظ نہیں دے سکتی، افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کے لیے جانوں کی قربانیاں دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ہرنائی: کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے 4 کان کن جاں بحق