پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری آزادی کپ ٹین پن باﺅلنگ ٹورنامنٹ کا ایمچور کا ایونٹ عبداللہ نے جیت لیا ہے۔ گزشتہ روز راولپنڈی میں کھیلے گئے ایمچور کے ایونٹ میں عبداللہ نے 328 سکور کے ساتھ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے جبکہ حنان 294 سکور کے ساتھ اور جواد علی 290 سکور کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔اور اسی طرح ایونٹ میں عبدلہادی نے 283 سکور کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان ٹین پن باﺅلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں، ٹورنامنٹ میں آٹھ مختلف کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں مینز سنگلز ، مینزڈبلز، لیڈیز سنگلز، ایمچور، ڈیف، ٹیم ایونٹ،انٹر یونیورسٹی اور انٹر سکول کیٹگریز کے مقابلے شامل ہیں، ڈیف اور ایمچور کیٹیگریز کے مقابلے مکمل ہو چکے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے مقابلوں کے سیمی فائنل مقابلے 10 ستمبر کو جبکہ فائنل مقابلے 11 ستمبرکو کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔