شہباز گِل کی ضمانت منظور

بغاوت کے مقدمے میں شہباز گِل کی ضمانت منظور

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
شہباز گل کی 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکی گئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے شہباز گل کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس سماعت کے آغاز میں شہباز گل کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل کا آغازکرتے ہوئے کہا کہ بدنیتی کی بنیاد پرسیاسی بنیادوں پر یہ کیس بنایا گیا۔ اس کیس میں تفتیش مکمل ہو چکی ہے پورا کیس ایک اسپیچ کے اردگرد گھومتا ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے شہبازگل کے وکیل کو سیاسی بات کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ آپ قانونی نکات پر دلائل دیں۔ کیا ایف آئی آر میں لکھی ہوئی باتیں شہباز گل نے کہیں تھیں؟ کیا آپ آرمڈ فورسز کو سیاست میں ملوث کرنے کے بیان کو جسٹیفائی کرسکتے ہیں؟
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ شہباز گل کی گفتگو میں آرمڈ فورسز کو کہیں پر بھی متنازع نہیں کیا گیا۔ شہباز گل کی گفتگو کے مخصوص حصے بدنیتی سے نکالے گئے۔ شہباز گل نے اپنی گفتگو میں 9 جگہوں پر نون لیگ کی لیڈرشپ کا نام لیا۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ٹھوس شواہد نہ ہونے پر ضمانت کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا، کارروائی ضرورت کریں مگر ٹھوس شواہد سامنے لائیں، کل وہی شخص بے قصور نکلا تو ازالہ نہیں کیا جاسکتا۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور اور شبلی فراز کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 27 اپریل تک توسیع