مشرقیات

مانگ تانگ کر گزارہ کرنے والوں کا انجام ایک دن یہی ہوتا ہے کہ دینے والے انہیں جھڑک دیتے ہیں ہمارے خزانچی نے اب اس بات کا کھلا اقرار کر لیا ہے کہ دنیا ہمیں قرض دینے کو تیار نہیں مطلب یہ کہ خود کمائو خود کھائو۔یہ کمانا مشکل ہر گز نہیں ہوتا بندہ ہڈ حرام نہ ہو تو خدا کی نعمتیں بے شمار۔ایک دماغ کو کام میں لائیں پھر دیکھیں اس کے معجزے ،بلکہ آپ دیکھ رہے ہیں آئے روز یہ معجزے جس موبائل فون پر دیکھتے ہیں یہ موبائل خود ایک سائنسی معجزہ ہی تو ہے عقل والوں کے لیے اس میں بھی بہت سی نشانیاں ہیں۔ٹیکنالوجی میں مہارت کے حامل لوگ اسی ٹیکنالوجی کے ذریعے سالانہ اربوں نہیں کھربوں روپے کما رہے ہیں آپ کے ہاتھ میں جو موبائل فون ہے اس کی قیمت چاہے نواں نکو ر سیٹ ہی کیوں نہ ہو زیادہ سے زیادہ پچاس ساٹھ ہزار ہے۔چلیں اندازے کی غلطی بھی شامل کر لیں تو زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ روپے کا اسمارٹ فون آپ کو دنیا کی مشہور ترین موبائل کمپنیاں بنا کر دے رہی ہیں مگر ایک لاکھ کا یہ موبائل جب لا نچ ہوتا ہے تو اصل قیمت سے پانچ گنا زیادہ قیمت اس کی وصول کی جاتی ہے تمام تر لاگت کے بعد کوئی بھی بڑی کمپنی ایک موبائل سیٹ پر آپ سے دوچار لاکھ روپے اپنی جیب میں ڈال لیتی ہے ،اب اندازہ کریں کہ نیا برانڈ لانچ ہوتے ہی کروڑوں کی تعداد میں راتوں رات بک جاتا ہے اور کمپنیاں اپنی دماغ سوزی کے بدلے اربوں کھربوں ڈالر سمیٹ لیتی ہیں یہ کما ل کی کمائی کسب کمال کی مرہون منت ہے اور یہ کسب کمال صرف اور صرف تعلیم ہی سے دماغ کو جلا بخشتا ہے ،ادھر آپ جناب انہی کمپنیوں کا موبائل تھامے راتوں رات ٹک ٹوک اسٹار بننے کے جنون میں مبتلا رہتے ہیں،شارٹ کٹ مارنے کی عادت یا کم وقت میں بغیر کچھ محنت کئے امیر بننے کے خوابوں نے آپ کا پیچھا نہیں چھوڑاشیخ چلی صاحب تاہم پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے بلکہ آپ ڈوب چکے ہیں ہاتھ پائوں بلاشبہ مار رہے ہیں لیکن نظر یہ بھی آرہا ہے کہ جان جان کنی کی حالت میں ہے ،اللہ کرے آپ بچ جائیں کہ ہم بھی آپ کی جان جہاں کا حصہ ہیں وہ شاعر نے کیا کہاہے ”ہم تو ڈوبے ہیں صنم سب کو بھی لے ڈوبیں گے”۔سفینہ پار لگ جائے تو ایک ذرا دم لینے کے بعد کوئی نئی حکمت عملی اپنانے کی راہ سوچیں ،صدیوں کی آرام طلبی کو لات ماریں ،دنیابلکہ کائنات کو تسخیر کرنے کی مہم جوئی کا حصہ بن جائیں ،عشرے لگیں گے آپ کو نئی اڑان بھرنے میں تاہم اب لگن سے لگے رہے تو کامیابی کی سوفیصد گارنٹی علم کی بدولت اپنی قسمت میں لکھی سمجھیں۔لگن کادوسرا نام عشق ہے۔علم کے راستے پر عاشق صادق چلتے ہیں تو اپنی دنیا آپ پیدا کر لیتے ہیں کیا آپ کو ترقی یافتہ ممالک کے عاشقوں کے کارنامے نظر نہیں آرہے ؟

مزید پڑھیں:  ریگی ماڈل ٹاؤن کا دیرینہ تنازعہ