چودھری شجاعت

سیاستدانوں کو فوج کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے: چودھری شجاعت

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کو فوج کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے، نہ ہی سیاستدان فوج کو سیاسی الجھنوں میں ڈالیں۔
ویب ڈیسک: مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کا کہناہے کہ مناسب ہو یا غیر مناسب سیاستدانوں کو فوج کے معاملات میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہئے،سیاستدان فوج کو سیاسی الجھنوں میں ناڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارے ملکی مفاد کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے،جس کا فائدہ پاکستان کے دشمن عناصر اٹھا سکتے ہیں،اب تو ٹی وی ڈراموں میں فوج کے کمانڈوز کے نام لے کر ڈرامے کیے جا رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شادیوں میں بھانڈ بھی بیٹھے ہوئے افراد کے سامنے آ کر پتہ کرتے ہیں کہ ان میں فوجی کون ہے،وہ جنرل ہو یا نہ ہو تالیاں بجا کر اشارہ کر کے ایک دوسرے کو کہتے ”بھاگ لگے رہن سانوں وی کجھ دیو“۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹی وی اور اخبارات میں فوجی افسروں کے متعلق برادری ازم کو موضوع بنا کر گفتگو کی جاتی ہے، فوج سمیت کسی بھی طبقے کو تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہئے، ہم سب سیاستدانوں کو اس روش کو ختم کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  سرمایہ کاری لانے پر صوبوں کو بھی کام کرنا چاہئے، مزمل اسلم