روسی صدر پیوٹن

پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعےگیس کی فراہمی ممکن ہے، روسی صدر پیوٹن

وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے غیررسمی ملاقاتیں کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ویب ڈیسک: سمر قند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدرپیوٹن سے سائیڈ لائن ملاقات ہوئی، ذرائع کے مطابق اس موقع پر روسی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس میں ریلوے اور توانائی کے شعبوں میں کام کرنےکی ضرورت ہے، روس سے پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعےگیس کی فراہمی ممکن ہے، پاکستان کو گیس سپلائی روس، قازقستان اور ازبکستان کے پہلے سے بنے انفرااسٹرکچر سے ممکن ہے، پاکستان میں ایل این جی فراہمی کے لیے انفرااسٹرکچرکی تعمیر بھی قابل توجہ ہے۔
ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پاکستان کو اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں، روس اورپاکستان کے تعلقات مثبت انداز میں بڑھ رہے ہیں، روس پاکستان کے تعلقات میں معاشی اور تجارتی شعبوں میں تعاون اہم ہے۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہوئے جانی نقصان پر بے حد افسوس ہے، سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھجوائی ہے، مزید مدد کے لیے بھی تیار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان کے مسئلے کو بھی حل کرنے کی ضرورت ہے، افغانستان میں سیاسی عدم استحکام ہے جو حل ہونے کی امید ہے، افغانستان کے لوگوں سے ہمارے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کے پاس افغانستان کی صورت حال پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت ہے، ہم بہت سارے شعبوں میں مثبت انداز میں مل کر کام جاری رکھیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کےلیے آج ہی سمر قند پہنچے ہیں۔

مزید پڑھیں:  خضدار، تیز رفتار مسافر بس الٹ گئی، 2 افراد جاں بحق، 21 زخمی