خیبرپختونخوامالی بحران کا شکار

خیبرپختونخوامالی بحران کا شکار،55ارب کااوورڈارفٹ لے لیا

ویب ڈیسک :خیبر پختونخوا حکومت شدید مالی بحران کا شکار ہوگئی ہے۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے حکومتی امور چلانے کے لئے جی پی آئی فنڈ سے 10ارب روپے صوبائی حکومت کے اکائونٹ ون میں منتقل کر دئیے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے ابتداء ہی سے صوبائی حکومت کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
صوبائی حکومت نے رواں مالی سال میں جولائی اور اگست میں مالی مشکلات کی وجہ سے وفاقی حکومت سے 55ارب روپے کا اوور ڈرافٹ لیا ہے جبکہ صوبائی حکومت ستمبر میں بھی اوورڈرافٹ پر چل رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی مالی مشکلات پر قابو پانے کے لئے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم فنڈز بورڈ سے اجازت لے کر جی پی آئی فنڈ سے 10ارب روپے صوبائی حکومت کے اکائونٹ ون میں ٹرانسفر کئے ہیں تاکہ صوبائی حکومت کے امور چلائے جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بھی صوبائی حکومت مالی مشکلات سے دوچارتھی جس کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کے دوران صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے 172ارب روپے کا اوورڈرافٹ لیا تھا جب کہ سرکاری ملازمین کے پنشن فنڈ سے 16ارب روپے صوبائی حکومت کے اکائونٹ میں ٹرانسفر کئے گئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے دوران صوبائی حکومت کے مالی بحران کی سب سے بڑی وجہ سالانہ ترقیاتی پروگرام ( اے ڈی پی) کے لئے مکمل فنڈز مالی سال کے ابتداء ہی میں جاری کرنا ہے۔
صوبے کی مالی مشکلات کی وجوہات اور اس صورتحال سے نکلنے کے لئے حکومت کے اقدامات کے بارے میں جاننے کے لئے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا ، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے فنڈز انچارج سے بار بار رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کی جانب سے غزہ میں غذائی قلت کے دعوے مسترد