پاکستان ترکیہ روس

پاکستان ترکیہ روس سے گیس فراہمی منصوبے پر کام کرنے کیلیے متفق

روس سے بذریعہ پائپ لائن پاکستان کو گیس فراہمی کے مجوزہ منصوبے پر کام کرنے کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے۔
ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ریاستی سربراہی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ روس، قزاقستان اور ازبکستان میں کسی حد تک گیس پائپ لائن کے لیے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے موجود ہے۔
ملاقات میں روس سے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر ترکیہ اور پاکستان نے اتفاق کیا اور دوطرفہ تجارت کے فروغ سمیت طویل المدتی منصوبوں کے امکانات اور عملدرآمد پر بھی اتفاق کیا گیا۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ ایشیا میں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں، نہایت مثبت انداز میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ پر ہمیں بے حد خوشی ہے۔
ترکیہ کے صدر کا وزیراعظم شہباز شریف سے کہنا تھا کہ آپ سے مل کر بڑی خوشی ہو رہی ہے، آپ کے بڑے بھائی نواز شریف کے ساتھ امور کار انجام دینے کی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کو گیس پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ممکن ہے۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی جیل کی بجائے بیڈ روم میں سزا کاٹ رہی ہیں، عظمی بخاری