رانا شمیم

رانا شمیم اپنے بیان حلفی سے منحرف، نیا معافی نامہ جمع کرادیا

توہین عدالت کیس میں سابق چیف جج گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ رانا شمیم اپنے بیان حلفی سے منحرف ہو گئے۔ انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نیا غیر مشروط معافی نامہ داخل کرادیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق رانا شمیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نیا غیر مشروط معافی نامہ داخل کرا دیا ہے، رانا شمیم نے نئے معافی نامے میں بیان حلفی میں درج الفاظ واپس لے لیے۔
ایک صفحے پر مشتمل معافی نامے میں کہا گیا ہے کہ بیان حلفی میں غلطی سے ہائی کورٹ کے جج کا نام شامل ہو گیا تھا، اپنی اس سنگین غلطی پر معافی کا طلبگار ہوں جو غلطی دراصل نہیں ہونی چاہئے تھی، دس نومبر 2021 کے بیان حلفی میں جج کا نام مس انڈرسٹینڈنگ کی وجہ سے شامل ہوا، میں اپنے بیان حلفی کے متن کو واپس لیتا ہوں، اپنے غلط بیان حلفی پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔
یاد رہے کہ رانا شمیم نے کہا تھا کہ انہوں نے جولائی 2018 میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی فون پر گفتگو سنی جب وہ گلگت بلتستان کے دورے پر آئے ہوئے تھے، لان میں چائے کے دوران ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے جج کو نواز شریف کیس سے متعلق ہدایات دیں کہ نواز شریف اور مریم نواز کو الیکشن سے پہلے جیل سے باہر نہیں آنا چاہئے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بیان حلفی کی اشاعت پر رانا شمیم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کا آغاز کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں:  آپریشن رجیم میں سعودی عرب کا کردار نہیں تھا، عمران خان