خواجہ آصف

عمران خان قومی سلامتی اور اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، خواجہ آصف

عمران خان کا اقتدار کا نشہ ٹوٹ رہا ہے اس لیے وہ قومی سلامتی اور قومی اداروں پر حملہ کر رہے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف
ویب ڈیسک: اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کہنے سے کیا فرق پڑتا ہے، آرمی چیف کا تقرر آئینی فریضہ ہے جو وزیراعظم نومبر میں انجام دیں گے، نواز شریف نے بھی 4 مرتبہ یہ آئینی فریضہ انجام دیا ہے انہوں نے کبھی بھی آرمی چیف کی تعیناتی کو موضوع بحث نہیں بنایا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست کے وقت میں سیاست ہوگی، جب انتخابات ہوں گے اور میدان سجے گا تو سیاست بھی ہوگی لیکن میثاق معیشت کے لیے ہم آج بھی تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر بات ہو سکتی ہے،
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قومی سلامتی ہماری اقتصادی سلامتی سے جڑی ہوئی ہے، عمران خان پاکستان کی قومی اور اقتصادی سلامتی پر بار بار حملے کر رہے ہیں، اقتدار جانے کی وجہ سے ان کا ذہنی توازن خراب ہو چکا ہے۔
ایک سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے قانون کے اہم ذرائع ہوتے ہیں، ماضی کے فیصلوں کو سامنے رکھ کر دیکھنا چاہیے، اگر ماضی کے فیصلے قانون اور آئین کے مطابق نہیں ہیں تو اس کا سدباب ہونا چاہیے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ دورہ ازبکستان میں مختلف سربراہان مملکت کے ساتھ وزیراعظم کی ملاقاتیں ہوئیں، سب سے اہم ملاقات چینی صدر سے ہوئی، روس اور ترکیہ کے سربراہوں سے بھی مفید ملاقاتیں ہوئیں۔
سیلاب کی آفت میں تمام سربراہان مملکت نے وزیراعظم کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے.

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کے تمام ٹَیسٹ کلیئر، رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال