عمران خان کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر فضل الرحمان حکومت سے نالاں

ویب ڈیسک: فضل الرحمٰن پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ میری حکومت سے شکوہ ہے کہ ابھی تک عمران خان کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہو سکی، آخر وہ ایسے مجرم کو اتنی ڈھیل کیوں دے رہی ہے، عمران خان انٹرنیشنل اور امپورٹیڈ چور ہیں لہٰذا ان کا محاسبہ ہونا چاہیے۔

لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان فوج، الیکشن کمیشن، پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت ہر ادارے پر حملہ کررہے ہیں، کس ادارے کو انہوں نے معاف کیا ہے، اگر ادارہ ان کے حق میں چلتا ہے اور ان کے حق میں فیصلے دیتا ہے تو پھر وہ بڑا انصاف والا ادارہ ہے، اگر ادارہ ان کے خلاف فیصلہ دیتا ہے تو وہ غدار بھی ہو جاتے ہیں اور نجانے وہ کن کن القابات سے نوازتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  کسٹم کے2شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی سیاست ختم ہوچکی ہے انہوں نے آرمی چیف کی تقرری کو متنازع بنانے کی کوشش کی، عمران خان حکومت سے پوچھنے والے ہوتے کون ہیں کہ آرمی چیف کی تقرری کس نے کرنی ہے، تم لاکھ چیخو، لاکھ چلاؤ اور تڑپو، جو ہو گا آئین کے مطابق ہو گا تمام سیاسی جماعتیں متعصبانہ سوچ ترک کر کے مل کر فیصلے کریں۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت :قومی جرگہ کے رکن ادریس خان کی گاڑی پر فائرنگ

مولانا فضل الرحمان نے کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، پنجاب حکومت خود کمزور ہے اور شاید وہ پلٹ جائے گی۔ عمران خان انٹرنیشنل اور امپورٹیڈ چور ہیں لہٰذا ان کا محاسبہ ہونا چاہیے عمران خان آزادی کے نام پر عوام کو دھوکا دینا چاہتے ہیں لیکن اس قسم کے عناصر سے ہم قوم کو آزادی دلائیں گے اور ان کے خلاف جنگ لڑیں گے۔