آڈیو لیکس

آڈیو لیکس، وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا۔

آڈیو لیکس سمیت سلامتی سے متعلق اہم امور کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔
ویب ڈیسک: سرکاری اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے جس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت شریک ہوگی۔ اجلاس میں وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات، وزیر خزانہ سمیت اہم وزراء شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں آڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد پی ایم ہاؤس کی سکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔
نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں سیلاب کی صورت حال، سیکیورٹی اور دیگر معاملات پر مشاورت ہو گی، ذرائع کے مطابق نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ وزیراعظم آفس میں ہونے والی گفتگو کی آڈیو لیکس کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔
اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اس حوالے سے کہہ چکے ہیں کہ معاملےکی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ پی ایم ہاؤس کی سکیورٹی بریچ ہوئی یا نہیں، فی الحال اسے سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، مزید 7041 غیر قانونی مقیم افغانی لوٹ گئے، تعداد 5 لاکھ سے متجاوز