نانبائیوں کی من مانیاں

نانبائیوں کی من مانیاں،روٹی کا وزن کم اورقیمت زیادہ کردی

ویب ڈیسک :پشاور میں نانبائیوں نے ایک بار پھر اپنی من مانیاںشروع کر دی ہیں۔ نانبائیوں نے ایک جانب اسمبلی کے سامنے روٹی کی قیمت بڑھانے کیلئے بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا ہے اور دوسری جانب روٹی کا وزن کم کرتے ہوئے قیمت بھی بڑھا دی ہے۔ پشاور میں 115گرام روٹی 20روپے میں فروخت کرنا شروع کردی گئی ہے عوامی شکایات پر ضلعی انتظامیہ نے بھی بالاخر اپنی آنکھیں کچھ دیر کے لئے پھر کھولتے ہوئے 15 نانبائیوں کو گرفتار کرلیا۔
پشاور کے مختلف علاقوں افغان کالونی، یکہ توت، کاکشال، آسیہ، کریم پورہ، قصہ خوانی، کوہاٹی، بازار کلاں، آبدرہ روڈ اور اولڈ باڑہ روڈ اور دیگر مقامات پر نانبائیوں نے خود ساختہ طور پر 115گرام روٹی کی قیمت 20روپے کردی ہے جبکہ کئی مقامات پر 100گرام روٹی 15روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے نانبائیوں کی جانب سے قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ اور وزن میں کمی کو مقامی ضلعی انتظامیہ کی ناکامی قرار دیا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  وانا، فطرانہ فی کس 248 روپے مقرر کر دیا گیا