دہشتگردوں کیخلاف کارروائی

دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے: آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈراجلاس میں کہا ہے کہ فارمیشن کو تمام سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے اور ہر قسم کے حالات میں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر دم چوکس رہیں۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت راولپنڈی جی ایچ کیو میں 251 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں بیرونی اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کانفرنس میں خاص طور پر سیلاب کی صورتحال اور ملک بھر میں آرمی فارمیشنز کی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، فورم نے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی امداد اور بحالی کیلئے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کرنے کا عزم کیا۔
فورم نے سرحدوں کی صورتحال، داخلی سلامتی اور فوج کے دیگر پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سلامتی کے ماحول کا ایک جامع جائزہ لیا، فورم نے عزم کیا کہ دہشت گردی کو دوبارہ سر نہیں اٹھانے دینگے ۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارمیشن کو تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنی چاہیے۔
آرمی چیف نے ہدایت کی کہ تمام فارمیشن ہر قسم کے حالات میں کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر دم چوکس رہیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کیلئے منصوبہ تیار ہے، نیتن یاہو