32لاکھ روپے لوٹ لئے

3بھائیوں نے اپنے ہی گھر سے 32لاکھ روپے لوٹ لئے

ویب ڈیسک :پشاور کے علاقے انقلاب میں تین بھائیوں نے اپنے ہی گھر میں ڈاکہ مار دیا اور گھر سے 32لاکھ روپے اور ڈیڑھ تولے سونا لے اڑے ۔جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم بھائیوں کی والدہ نے اراضی فروخت کی تھی جس میں رقم نہ ملنے پر بھائیوں نے مل کر ڈکیتی کی واردات کی ۔
مدعیہ مسماة ( ا) بی بی زوجہ جاوید گل نے انقلاب پولیس کو گھر سے لاکھوں روپے اور طلائی زیورات کی چوری کی رپورٹ درج کروائی ۔ پولیس نے مدعیہ کے بیٹوں کو شامل تفتیش کیا تو انہوں نے متضاد بیانات دیئے جس پر پولیس کو شک گزرا اور مزید پوچھ گچھ پر دو بھائیوں ارشد خان اور فہیم خان نے حقائق سے پردہ اٹھادیا ۔
ملزموں کے مطابق ان کی والدہ نے قیمتی اراضی فروخت کی تھی جس سے ملنے والی رقم میں سے بھائیوں کو کچھ نہیں ملا جس کا انہیں رنج تھا ۔ دونوں ملزم بھائیوں نے اپنے دیگر ساتھیوں اسفند یار ولد محمد شاہ، افتخار ولد فضل رحیم اور ارشد ولد تاج محمد کے ساتھ مل کر گھر سے چوری کرنے کا اعتراف کیا۔ ملزموں کے قبضہ سے 8 لاکھ روپے ، رقم کے بدلے خریدی گئی گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں:  آرمی چیف سے سعودی وزیر دفاع کی ملاقات، تعاون بڑھانے پر غور