ویمن ایشیا کپ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو بھی شکست دیدی

بنگلہ دیش میں جاری ویمن ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے اپنے دوسرے میچ میں بھی پاکستانی خواتین نے میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹوں سے شکست دیدی، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلہ دیش کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنائے، بنگلہ دیش کی جانب سے سلمیٰ خاتون چوبیس رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہیں جبکہ کپتان نگار سلطانہ نے سترہ اور لتا موندل نے بارہ رنز سکور کئے، ان تین کے علاوہ کوئی بھی بیٹر اپنا سکور ڈبل فیگرز میں نہ لے جاسکی، پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور ندا ڈار نے دو دو جبکہ عمائمہ سہیل اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 12.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے میچ نو وکٹوں سے جیت لیا، سدرہ امین 36 رنز بنا کر نمایاں رہیں، بنگلہ دیش کی جانب سے واحد وکٹ سلمیٰ خاتون نے حاصل کی، سدرہ امین کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20 بارش کی نذر