شہریوں کاپانی بند

بنوں:ڈبلیوایس ایس سی ملازمین نے شہریوں کاپانی بندکردیا

ویب ڈیسک : ڈبلیو ایس ایس سی بنوں کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج بدستور جاری ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بنوں نے مظاہرین کے رہنمائوں سے مذاکرات کئے جو سیاسی حلقوں کی مداخلت سے کامیاب نہ ہوسکے، واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی بنوں کے ملازمین نے گزشتہ دو ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ایک ہفتہ سے احتجاجاً ہڑتال کر رکھی ہے اوراب شہریوں کے پینے کے پانی کی سپلائی بھی بند ہو گئی ہے.
اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بنوں اصلاح الدین نے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے، اس موقع پر اسسٹنٹ منیجر سینی ٹیشن انجینئر بخت نیاز خان بھی موجود تھے تاہم مقامی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کی موجودگی و مداخلت سے مذاکراتی عمل کامیاب نہ ہوسکا تاہم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اصلاح الدین نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرنا چاہتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے کسی قسم کی نرمی نہیں برتنا چاہتی، ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ دو ہفتے کے اندر حل کردیا جائے گا مگر اس میں ان کی من مانی نہیں چلنے دینگے، کس طرح شہریوں پر پانی بند کیا جا رہا ہے اور کیوں شہر کو گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کیا جا رہا ہے.
ملازمین فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں بصورت دیگر ایسے ملازمین کو معطل کردیا جائے گا اور انکوائری میں غفلت کے مرتکب پائے گئے تو اُنہیں گھر بھیج دیا جائے گا ملازمین کسی اور کے اشاروں پر چلنے سے گریز کریں، انہوں نے ڈبلیو ایس ایس سی بنوں حکام کو ہدایت کی کہ جو ملازمین اپنی ڈیوٹیوں پر نہیں جا رہے اُن کی معطلی کے احکامات جاری کریں، دوسری طرف ملازمین نے مطالبات پوری نہ ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  سائفر کیس، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی اپیلوں پر سماعت آج ہوگی