چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا تعلیمی اداروں میں سیاسی سرگرمیوں پر سخت برہم

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید نے تعلیمی اداروں اور شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر جلسوں جلوسوں اور احتجاج کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیے کہ تعلیمی اداروں میں سیاسی جلسے افسوسناک ہیں، تعلیمی ادارے تعلیم کے لئے ہوتے ہیں, تعلیمی اداروں کو سیاست سے پاک رکھیں وہاں پر ہمارے مستقبل ہوتے ہیں۔ اگر ایک فریق اس طرح کے جلسے کرے گا تو دوسرا بھی جلسہ کرے گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اسمبلی چوک اور ہائیکورٹ کے سامنے کوئی احتجاج نہ کریں، اسمبلی چوک میں احتجاج سے پورے شہر کا ٹریفک نظام متاثر ہوتا ہے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید خان نے استفسار کیا کہ حکومت کیا کررہی ہے، ایڈووکیٹ جنرل صاحب صوبائی حکومت کو عدالتی تشویش سے آگاہ کریں۔
ایڈووکیٹ جنرل شمائل بٹ نے کہا کہ آئی جی پولیس اور انتظامیہ کو بھی اس حوالے سے آگاہ کریں گے۔ اس حوالے سےآج چیف سیکرٹری سے میٹنگ بھی ہے۔
چیف جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ یہ انتظامیہ کی بھی ناکامی ہے۔ احتجاج کرنے والے پیراشوٹ سے نہیں آتے، یہ جہاں سے آتے وہی پر ان کو روک دیں۔ اسمبلی چوک اور ہائیکورٹ کے سامنے کوئی احتجاج نہ کریں۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ای سی ایل سے خارج