ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی70 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے اہم شخصیات، سیاستدانوں، سماجی رہنماؤں کے علاوہ کھیل اور شوبز کے شعبے سے منسلک افراد کی طرف سے مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
عمران خان کے والد کا نام اکرام اللہ خان نیازی اور والدہ کا نام شوکت خانم ہے، عمران خان 5 اکتوبر 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کی، پھراعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں اکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔
تعلیم حاصل کرنے کے بعد عمران خان نے 1971 میں 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی، 1982 سے لے کر 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے تک عمران خان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے،1992 ورلڈ کپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر عمران خان کو آج تک یاد کیا جاتا ہے۔
سیاست میں قدم رکھنے سے قبل عمران خان کرکٹر کی حیثیت سے نمایاں مقام حاصل کرچکے تھے۔ انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال اور ریسرچ سینٹر کی بنیاد رکھی اور نمل کالج سمیت دیگر فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کرکے سماجی رہنما کی حیثیت سے اہم کامیابیاں حاصل کیں۔
عمران خان نے 25 اپریل 1996 میں تحریکِ انصاف کی بنیاد رکھی اور اسی پلیٹ فارم سے 2002 تا 2007 اور پھر 2013 سے 2018 تک رکنِ قومی اسمبلی رہے۔ ایک طویل سیاسی جدوجہد کے بعد ان کی جماعت نے خصوصاً نوجوانوں میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی۔
پی ٹی آئی نے 2013 کے الیکشن میں خیبر پختونخوا میں اکثریت حاصل کی اور صوبائی حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے وفاق میں برسراقتدار آگئی اورعمران خان 17 اگست 2018ء کو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجماں ہو گئے۔ ان کی حکومت 4 سال تک چلی اور عدم اعتماد کے ذریعے ان کی حکومت ہٹائی گئی۔
عمران خان نے تین شادیاں کیں، انہوں نے پہلی شادی 1995ء میں برطانوی شہری جمائما گولڈ اسمتھ سے کی ،جن سے ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہوئے، 2004 میں ان کی طلاق ہوگئی۔ پھر کپتان نے دوسری شادی 2015ء میں پاکستانی صحافی ریحام خان سے کی اور چند ماہ بعد اسی سال ان کی علیحدگی ہوگئی۔ عمران خان کی تیسری شادی 2018ء میں بشریٰ بی بی سے ہوئی۔