ریسکیو 1122 سوات خاتون آفیسر

ریسکیو 1122 سوات میں گھوسٹ خاتون آفیسرکی بھرتی کا انکشاف

سوات(فیاض ظفر)ریسکیو 1122 سوات میں گھوسٹ خاتون آفیسرکی بھرتی کا انکشاف ہوا ہے جو بھرتی ہونے کے بعد سے گھر بیٹھ کر تنخواہ وصول کر رہی ہے۔ باوثوق ذرائع اور ریکارڈ کے مطابق کئی سال پہلے گریڈ 16 میں بھرتی ہونے والی خاتون شفیقہ گل جو آڈیو ، ویڈیو کیمرہ مین اورمیڈیا منیجر کی پوسٹ پر بھرتی ہوئی گھر بیٹھ کر تنخواہ وصول کر رہی ہے۔
خاتون نے وٹس ایپ کا ایک گروپ بنا رکھاہے،جہاں حادثہ ہوتا ہے وہاں ریسکیو اہلکار مذکورہ خاتون آفیسر کو ٹیکسٹ کرتے ہیں اور خاتون آفیسر صحافیوں کے گروپ میں اس کو شیئر کرتی ہیں۔ خاتون آفیسر کے بارے میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ اکثر کراچی اور اسلام آباد میں ہوتی ہیں اور ماہ میں ایک دفعہ آکرپورے مہینے کی حاضریاں لگاتی ہیں، جس کا ثبوت ریسکیو کے دفتر سیدو شریف میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی محفوظ ہے۔
اس کا ایک اور ثبوت موبائل فون کے سی ڈی آر سے بھی ہاتھ آسکتا ہے۔ اس بارے ریسکیو کا موقف جاننے کے لئے ڈی جی ریسکیو کے موبائل فون پر کال کی گئی تاہم ان کا موبائل بند تھاجس کے بعد ڈی جی ریسکیو کے دفتر فون کیا گیا۔لیکن فون اٹھانے والے نے کہا کہ صاحب سیکرٹریٹ گئے ہیں ۔ خاتون آفیسر کا موقف جاننے کے لئے ان کے موبائل نمبر پر فون کیا گیا لیکن انہوں نے بھی فون نہیں اٹھایا۔

مزید پڑھیں:  جاپان کی نئی الیکٹرک ٹرین، تیز رفتاری میں اپنی مثال آپ ہے