روشنیوں کے شہر کراچی میں طلباء اور اساتذہ کو زبردست خراج تحسین

روشنیوں کے شہر کراچی میں فیڈریشن آف پرائیویٹ سکول پاکستان کے زیر اہتمام تکریم اساتذہ کے موقع پر نجی سکولوں کے بہترین اساتذہ، میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلبا کے علاوہ اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں تقریب تقسیم اعزازی ایوارڈز۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق فیڈریشن آف پرائیویٹ سکول پاکستان کے زیر اہتمام یوم تکریم اساتذہ پر کراچی کے نجی اسکولوں کے بہترین اساتذہ اور میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلبا کے علاوہ اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔
تقریب کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ اسکولز رفیعہ ملاح تھیں، دیگر مہمانان گرامی میں ناظم امتحانات کراچی میٹرک بورڈ، وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی ، سیکرٹری سندھ اسکاوٹس ایسوسی ایشنر، سمیت پرائیویٹ اسکولز کی مختلف ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی شامل تھے۔
تقریب کے پہلے سیشن میں میٹرک سائنس اور آرٹس میں اول، دوئم اورسوئم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے علاوہ اسپیشل پوزیشن ہولڈر طلبا کو ایوارڈ دیے گئے، کراچی بھر کے اسکولوں کے اے ون گریڈ حاصل کرنے والے ڈھائی سو سے زائد طلبہ وطالبات کو بھی ایوارڈزسے نوازا گیا۔
اس موقع پر رفیعہ ملاح نے طلبا کی حوصلہ افزائی کے لیے شاندار تقریب کے انعقاد پر فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز کے چیئرمین سمیت دیگر ذمہ داران کو مبارکباد دی اور ان کے اس کاوش کوزبردست الفاظ میں سراہا۔
ناظم امتحانات عمران طارق بٹ نے کامیاب طلباکو مبارکباد دی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواشہات کا اظہار کیا، تقریب کے دوسرے سیشن میں کراچی بھر سے تقریباً چار سو اساتذہ کو ان کی شاندار خدمات پر ایوارڈز دیے گئے۔
تقریب پی ایچ کیو آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی، جس میں کراچی بھر کے دو سو سے زائد سکولوں کے چار سو اساتذہ اور ڈھائی سو سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوئے۔
وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی شبیب الحسن نے فیڈریشن کی اس زبردست کاوش کو سراہا اور اساتذہ کو ٹریننگ دینے کی پیشکش کی۔

مزید پڑھیں:  امریکہ کو پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش