خاتون جج دھمکی کیس

خاتون جج دھمکی کیس: چیئرمین پی ٹی آئی عبوری ضمانت منظور

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے خاتون جج دھمکی سے متعلق کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی، عدالت کی جانب سے 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں جج دھمکی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں پیش ہونے کے لیے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ‘پی ٹی آئی’ عمران خان سخت سکیورٹی میں عدالت پہنچے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ ہفتے ٹرائل میں عدم پیشی پر عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے، تاہم عمران خان کو ہائی کورٹ نے اتوار کے روز 7 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت دی تھی۔
ہائی کورٹ کی حفاظتی ضمانت کل ختم ہونی تھی، تاہم عمران خان کے وکیل بابر نے عبوری درخواست ضمانت دائر کی جس کی سماعت سیشن جج ویسٹ کامران بشارت مفتی نے کی۔
سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان روسٹرم پر آ گئے اور درخواست ضمانت سے متعلق عدالت کو بتایا۔
عدالت نے 13 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عدالت سے ضمانت منظور ہونے کے بعد اسلام آباد کچہری سے واپس روانہ ہو گئے۔

مزید پڑھیں:  یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیراعظم ریلیف پیکج جاری رکھنے کا فیصلہ