اثاثہ جات ریفرنس، اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

ویب ڈیسک: احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے۔
اسلام آباد کے احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی، اسحاق ڈار اور اسکے وکیل قاضی مصباح عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے اسحاق ڈارکے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانےکا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت نے نیب سے 12 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے کہا کہ فردجرم عائد کرنے کے لیے اسحاق ڈار کو پیش ہونا ہوگا۔
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پانامہ فراڈ تھا، ملک میں اس کا ڈرامہ ہوا اور سیاسی عدم استحکام نے جنم لیا، پانامہ پیپر میں بھی میرا نام نہیں تھا پھر بھی مجھے انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت دنیا کی 18ویں معیشت بننے جارہی تھی، موجودہ دور میں ڈالر کی قیمت مصنوعی طور پر بڑھائی گئی، امریکی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی ہورہی ہے جس کے بعد پاکستان کے قرضوں میں 2600 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملکر ملک کو بحران سے نکالنا چاہیے ملک میں منفی سیاست کا سلسلہ بند کرنا چاہیے، معیشت کے ساتھ سیاست مت کریں ،یہ ملک کو تباہ کردیتی ہے۔

مزید پڑھیں:  دیر لوئر، سردیاں پھر ہوٹ آئیں، بارش سے موسم خوشگوار