پاکستان آرمی چیف

کسی کو بھی ملک کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دینگے،آرمی چیف

پاکستان ایک پر امن ملک ہے، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تمام مسائل کو پر امن طریقے سے حل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں، فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
ویب ڈیسک: ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ اس عظیم فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اس ادارے سے پاس آؤٹ ہونا بڑے فخر کی بات ہے، 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کامعائنہ کرنا باعث فخرہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کرنا باعث فخر ہے، 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی، تب یہ نہیں سوچا تھا کہ میں بھی اس عظیم فوج کی کمانڈ کرونگا، پاک فوج نے پاکستان کو دہشتگردی سے نجات دلانے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے، ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں، کسی کو بھی اپنے ملک کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے ، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں لیکن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

مزید پڑھیں:  ملٹری کورٹس کیس، معاملہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو ارسال