1100 کنٹینرز اسلام آباد میں روکنے

1100 کنٹینرز اسلام آباد میں روکنے پر سپلائی معطل

ویب ڈیسک : پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کیلئے خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر سے11 سو کنٹینرز اسلام آباد پہنچانے کی وجہ سے سپلائی کا نظام معطل ہوگیا ہے۔ اس سلسلے میں تاجروں نے اربوں روپے ڈوبنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں حکومت مخالف لانگ مارچ کا عندیہ دیا گیا ہے اس سلسلہ میں حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم پیشگی انتظامات کے طور پر وفاقی حکومت نے ملک بھر سے کنٹینرز اسلام آباد میں جمع کر لئے ہیں ان کنٹینرز میں خالی اور سامان سے بھرے کنٹینرز بھی شامل ہیں .
جس میں تمام سامان پھنس گیا ہے۔ سرحد چیمبر آف کامرس کے سابق صدرعبدالحمیدگورواڑہ کے مطابق ان کنٹینرز میں تاجروں کا اربوں روپے کا سامان لدا ہے جس کو روکنے کی وجہ سے ٹریڈرز کے اربوں روپے ڈوب جائیں گے کیونکہ یہ کنٹینر شپنگ کمپنیوں کے ہیں جو مقامی تاجروں نے آٹھ سے10لاکھ روپے کی سکیورٹی رقم کی ادائیگی کے بعد حاصل کئے ہیں۔ یومیہ حساب سے ایک سو ڈالر یعنی تقریبا 22ہزار پاکستانی روپے کرایہ ہے جب یہ کنٹینرز واپس شپنگ کمپنی کے وئیر ہائوس میں پہنچ جاتے ہیں تو سکیورٹی کی مد میں جمع کی گئی رقم واپس کردی جاتی ہے .
لیکن اسلام آباد میں پھنس جانے کی وجہ سے سکیورٹی رقم کی واپسی بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے اس بارے میں ایف بی آر سے مداخلت کی درخواست کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت نہ ہو سکی