سیرت النبی ﷺ

بچوں کو سیرت النبی ﷺ پڑھانا بہت ضروری ہے، عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل تمام مسائل کا واحد حل ہے، ہمارے نبی ﷺ نے سب سے پہلے مدینہ میں عدل و انصاف قائم کیا، بدقسمتی سے پاکستان میں ہم نے قانون کی حکمرانی دیکھی ہی نہیں، ہمیں بچوں کو سکولوں میں سیرت النبی ﷺ پڑھانے کی ضرورت ہے۔
ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جیسے جیسے میں نے حضرت محمد ﷺ کی زندگی کو پڑھنا شروع کیا، میرا خوف ختم ہوتا گیا، جو انسان اپنے لیے زندگی گزارتا ہے چھوٹا انسان بن جاتا ہے، وہ کبھی بڑا انسان نہیں بن سکتا۔
عمران خان نے کہا کہ نبی اکرم ﷺکے راستے پر چلنے والوں کی زندگی بدل جاتی ہے، ایمان کی دولت انسان میں دنیا کا خوف ختم کرتی ہے، خوف انسان کو بڑے کاموں سے روکتا ہے اسے ذہن سے نکال دیں، سب کی طرح مجھے بھی موت کا خوف تھا، سب سے پہلے میں نے اس خوف پر قابو پایا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عاشق رسول ﷺ ہونے کے لیے کسی ڈگری کی ضرورت نہیں ہوتی، اپنےبچوں کو بتاتا ہوں کہ میری زندگی سیرت النبی ﷺ سے کیسے بدلی، اسوہ حسنہ ﷺ پر عمل تمام مسائل کا واحد حل ہے، بچوں کو اسکولوں میں سیرت النبی ﷺ پڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خوشحالی انصاف کی وجہ سے آتی ہے، تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ اوپر نہیں جاتا اور بغیر قانون کی بالادستی کے کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، جن ممالک میں بڑے ڈاکووں کو نہیں پکڑا جاتا وہ سب غریب ہیں۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ کا نوٹس ،مشال یوسفزئی کیلئے گاڑی خریدنے کی سمری مسترد