پختونخوا حکومت دیوالیہ

انتہائی مشکل صورتحال،صوبائی حکومت کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ

ویب ڈیسک :خیبر پختونخوا حکومت نے دیوالیہ ہونے کے خدشہ کے پیش نظر خود مختار اداروں کے فنڈز کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کرلیا بلدیاتی خود مختار اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سرپلس فنڈز صوبائی حکومت کے اکائونٹ میں منتقل کردیں تاکہ صوبہ اپنے اخراجات برداشت کرسکے اور صوبے کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ بھی ٹل سکے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ بلدیات میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت تمام شہری ترقیاتی اتھارٹیز، سینی ٹیشن کمپنیوں، لوکل کونسل بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ کے افسران کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ صوبہ اس وقت انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہے یہ افواہیں بھی گردش کررہی ہیں کہ صوبہ دیوالیہ ہوسکتا ہے اور اپنے خرچے برداشت نہیں کرسکتا ایسے میں تمام صوبائی اداروں اور محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مشکل صورتحال میں صوبے کو نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام خود مختار ادارو ں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے سرپلس فنڈز کو اپنے اکائونٹس سے منتقل کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے اکائونٹ میں جمع کرادیں تاکہ سٹیٹ بینک میں صوبائی حکومت کے اکائونٹ میں یہ رقم دکھائی جا سکے اور صوبے کے دیوالیہ ہونے کی افواہیں دم توڑ سکیں اس کے ساتھ ساتھ اگر صوبائی حکومت کو اخراجات پورے کرنے اور ملازمین کو تنخواہیں و پنشن ادائیگی کیلئے یہ رقم استعمال کرنی پڑگئی تو حالات بہتر ہوتے ہی یہ رقم ان تمام اداروں کو واپس کردی جائیگی تاہم اس مشکل وقت میں تمام ادارے یہ رقم صوبائی حکومت کو فراہم کردیں.
ذرائع کے مطابق خود مختار اداروں نے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے کوئی حتمی جواب نہیں دیا ہے تاہم انہوں نے خدشات ظاہر کئے ہیں کہ حالات بہتر ہونے کے بعد اس رقم کی واپسی کس طرح اور کن شرائط پر ہوگی جبکہ ان اداروں نے اپنے اپنے بورڈاجلاسوں میں بھی اس پر بحث کرنے کے بعد جواب صوبائی حکومت کو جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔

مزید پڑھیں:  چیئرمین پبلک اکاؤ نٹس کمیٹی کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار