قومی سلامتی کمیٹی

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: ایپکس کمیٹی کی تشکیل، نیکٹا فعال

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایپکس کمیٹی کی تشکیل اور انسداد دہشت گردی کیلئے نظام متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ویب ڈیسک: وزیر اعظم ہاوس میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا سمیت سروسز چیفس، حساس اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام کی شرکت، اجلاس میں ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگز دیں۔
اجلاس نے ملک میں امن وامان کے قیام اور وطن عزیز کی سلامتی و دفاع کیلئے پاک فوج، رینجرز، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے کردار کو سراہا اور اس عظیم مقصد کیلئے شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
اجلاس نے شہدا کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے اعتراف کیا کہ شہدا نے ملک وقوم کیلئے جرات و بہادری اور شجاعت کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں جبکہ اجلاس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔
اجلاس نے سوات سمیت ملک کے دیگر حصوں میں امن و امان کو خراب کرنے کے واقعات کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کیا اور مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس نے مرکزی سطح پر ایپیکس کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا جس کی صدارت وزیراعظم کریں گے، انسداد دہشت گردی کے ادارے (نیکٹا) کو فعال بنایا جائے گا۔
اجلاس نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر نظام کو ازسرنو متحرک کیاجائے۔

مزید پڑھیں:  صوابی، بھائی کی اپنے سگے بھائی پر گولیوں کی بوچھاڑ