irfan khan

کینسر کے مر ض میں مبتلامعروف بالی وڈ اداکار عرفان خان ممبئی میں وفات پا گئے

ویب ڈسک : ہالی وڈ اور بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کرنے والے اداکار عرفان خان ممبئی میں وفات پا گئے ہیں۔

53 سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن کینسر کا شکار تھے اور لندن سے علاج کروانے کے بعد گذشتہ برس واپس انڈیا آئے تھے۔

انھیں منگل کو ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کیا گیا تھا اور ان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عرفان خان کو بڑی آنت کے انفیکشن کے باعث ہسپتال لایا گیا ہے۔

تاہم بدھ کو عرفان خان کے خاندان نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ میں ہار چکا ہوں۔’ اداکار عرفان خان نے یہ دل چھونے لینے والی بات اپنے سنہ 2018 کے ایک نوٹ میں کہی تھی جب وہ کینسر کی بیماری سے لڑ رہے تھے اور آج ہم یہ افسوسناک خبر دے رہے ہیں کہ وہ ہمارے درمیان نہیں رہے۔’

مزید پڑھیں:  حبا بخاری اور آریز احمد نے حمل کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘عرفان ایک مضبوط ارادوں والے انسان تھے جنھوں نے آخر تک لڑائی لڑی۔ انھوں نے ہمیشہ اپنے قریب آنے والوں کی حوصلہ افزائی کی۔ سنہ 2018 میں غیرمعمولی کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد انھوں نے سامنے آنے والے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی زندگی کو سنبھالے رکھا۔ وہ اپنے کنبے کو جن سے وہ بہت پیار کرتے تھے چھوڑ کر جنت چلے گئے ہیں۔ انھیں اپنے اہل خانہ کا بہت پیار ملا۔ وہ اپنے پیچھے ایک وراثت چھوڑ گئے ہیں۔ ہم سب ان کی روح کو سکون ملنے کی دعا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بلاک بسٹر'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی بھارت میں ریلیز کی تاریخ کا اعلان

عرفان خان نے اپنے کریئر میں بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں پیکو، مقبول، حاصل، ہندی میڈیم، لنچ باکس اور پان سنگ تومر جیسی کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں۔

وہ بالی وڈ کے علاوہ ہالی وڈ میں بھی اپنی پہچان رکھتے تھے اور انھوں نے ہالی وڈ کی ‘لائف آف پائی’، ‘سلم ڈاگ ملینيئر’ اور ‘دی امیزنگ سپائڈر مین’ جیسی معروف فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

عرفان خان کی وفات پر انڈین فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ملک کی دیگر اہم ہستیوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انھیں اچھے الفاظ میں یاد کیا ہے۔