باغ ناران نوجوان قتل

باغ ناران میں طالبعلم کاقتل چھیڑ چھاڑ کا شاخسانہ قرار

ویب ڈیسک : باغ ناران پارک حیات آباد میں نوجوان کو چاقوکے وار سے قتل کرنے کے واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی، مبینہ طور پر طالبعلموں کو چھیڑنے پر جھگڑا ہوا اور طلباء نے دوستوں کو بلایا جس کے بعد وقوعہ پیش آیا، واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں ملزم کو بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم ملزم کی شناخت کرنا باقی ہے.
پیرکے روز باغ ناران پارک میں نوجوانوں کے درمیان تصادم اور چاقو کے وار سے21 سالہ ابرار ولد اجمل سکنہ باڑہ حال فیز 6 جاں بحق جبکہ اس کا ماموں زاد لہولہان ہوگیا۔ مدعی افتخار ولد حضرحسین سکنہ باڑہ نے رپورٹ کی تھی کہ نامعلوم افراد کے ساتھ بحث و تکرارکے بعد ان پر چاقو کے وار کئے گئے جنہوں نے شاہ کس سے اپنے ساتھیوں کو بلایا تھا، ایس ایچ او حیات آباد نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مقتول ابرارکارخانو مارکیٹ میں چپل کا کاروبارکرتا تھا اور وقوعہ کے روز پارک آیا تھاجہاں اس کا پارک میں بیٹھے لڑکوں سے جھگڑا ہوا
اس طرح پولیس کی تفتیشی ٹیم نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ملزم کو دیکھا جا سکتا ہے جو بھاگ رہا ہے اور پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج پر بھی کام کررہی ہے جلد اس کی شناخت کرلی جائے گی، تاحال کسی پر دعویداری نہیں کی گئی۔

مزید دیکھیں :   پولیس لائنز پر حملہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں، شہبازشریف