تسلیم کرتے ہیں

تسلیم کرتے ہیں سائلین کو عدلیہ پراعتماد نہیں، چیف جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ تسلیم کرتے ہیں کہ سائلین کو عدلیہ پر اعتماد نہیں ہے
ویب ڈیسک: چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شاہراہ دستور پراسلام آباد ہائیکورٹ کی نئی عمارت میں عارضی قانونی سہولت مرکز کا افتتاح کیا،افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھاکہ سستا اور جلد انصاف نہیں ملے گا تو یہ عمارتیں بے معنی ہیں، ہمارا وجود ہی سائل کیلئے ہے، کیا ہم پر سائل کا اس طرح اعتماد ہے جو ہونا چاہیے؟
ان کا کہنا تھا کہ تسلیم کرتے ہیں کہ ہم پر سائلین کا اعتماد اس طرح نہیں جس طرح ہونا چاہیے، سیاسی قائدین بھی سائلین کے اعتماد کوبحال کرنے میں کردار ادا کریں، ہم نے سائلین کے اعتماد کو بحال کرنا ہے یہی ہمارا مقصد ہے، تسلیم کرنے میں عار محسوس نہیں کرتا سائل کو ہم پر اس طرح کا اعتماد نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 70 سال کے نظام کو جادو کی چھڑی سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا، ہمارا مقصد سائل کی خدمت کرنا تھا، ضرورت اس امر کی ہے کہ اصلاحات کے ذریعہ انصاف کے نظام کو مضبوط کیا جائے، شہری کو سستا اور جلد انصاف ہمارا مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید رکھتا ہوں ریاست شہریوں کیلئے سستا انصاف کا وعدہ پورا کرے گی، عدلیہ کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، تنقید سے ججز کی اصلاح ہوتی ہے، ہمیں تنقید سے کوئی گھبراہٹ نہیں ہوتی اور نہ ہی اثرانداز ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:  پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ، امریکی پابندیوں کا خطرہ منڈلانے لگا