270978 9545993 updates

بھارتی سینئر اداکار رشی کپور67سال کی عمر میں انتقال کر گئے

ویب ڈیسک :معروف بولی وڈ اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں ممبئی کے سر ایچ ایم ریلائنس فائونڈیشن ہسپتال میں زندگی کی بازی ہارگئے۔رشی کپور کے گھرانے نے ان کی موت کی خبر مداحوں سے شیئر کرنے کے لیے ایک بیان بھی جاری کیا۔بیان میں لکھا گیا کہ ہمارے پیارے رشی کپور لیوکمیا سے 2 سال تک لڑنے کے بعد آج صبح 8 بج کر 45 منٹ پر ہسپتال میں سکون سے اس دنیا سے رخصت ہوگئے، ہسپتال کے ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کے مطابق رشی کپور نے آخری لمحے تک انہیں محظوظ کیا۔مذکورہ بیان کے مطابق رشی کپور دوران علاج بھی نہایت پرجوش اور خوش رہا کرتے تھے اور وہ اپنی زندگی بھرپور جینے میں یقین رکھتے تھے، اس دوران جو بھی ان سے ملا وہ یہ دیکھ کر حیران ہوا کہ رشی کپور اس بیماری کے باوجود ہمیشہ پرعزم رہے۔اہل خانہ کے مطابق رشی چاہتے تھے کہ اس دنیا سے گزر جانے کے بعد بھی مداح انہیں آنسو بہا کر نہیں مسکرا کر یاد کریں۔انہوں نے مزید لکھا کہ ایسے وقت میں ہمیں اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ دنیا بہت مشکل دور سے گزر رہی ہے، اس وقت نقل و حرکت اور بڑے اجتماعات پر پابندی عائد ہے، ہم مداحوں سے اور خاندان کے دوستوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس وقت قوانین کا احترام کریں۔ادھر بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رشی کپور تقریبا 2 سال کے عرصے سے کینسر سے جنگ لڑ رہے تھے اور انہیں گزشتہ روز سانس لینے میں تکلیف پر ہسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔خیال رہے کہ اکتوبر 2018 میں رشی کپور کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات منظر عام پر آئی تھیں جس کے علاج کے لیے وہ امریکا گئے تھے تاہم اس وقت انہوں نے اپنی بیماری کی تصدیق نہیں کی تھی۔بعدازاں جنوری 2019 میں ان کے بھائی رندھیر کپور نے ان کے امریکا میں زیر علاج ہونے کی تصدیق کی تھی تاہم بیماری کے حوالے سے اس وقت بھی نہیں بتایا گیا تھا۔تاہم ٹھیک ایک سال قبل اپریل میں فلم ساز راہول راویل نے بتایا تھا کہ رشی کپور کینسر کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران یہ دوسری موت ہے جس نے بھارتی سنیما انڈسٹری کو ہلا کر رکھ دیا، محض ایک روز قبل ہی اداکار عرفان خان ممبئی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے، انہیں بھی کینسر کا مرض لاحق تھا۔دوسری جانب رشی کپور کی وفات پر لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے سخت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وہ چلا گیا، رشی کپور چلا گیا، میں ٹوٹ گیا ہوں تاہم بعد میں انہوں نے اپنا یہ پیغام ڈیلیٹ کردیا۔