کینسر کے مفت علاج

کینسر کے مفت علاج منصوبہ میں توسیع،3ارب روپے منظور

ویب ڈیسک :کینسر میں مبتلا مریضوں کے مفت علاج کے منصوبہ میں توسیع کرتے ہوئے نئی مدت کیلئے 3ارب 11کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات پر مشتمل پی سی ون منظور کر لیا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت کینسر کے مریضوں کے علاج پر 10فیصد اخراجات صوبائی حکومت جبکہ 90 فیصد اخراجات کینسر کے علاج کیلئے بین الاقوامی دواساز کمپنی نوارٹس ادا کرے گی یعنی تین سال تک ادویات میں دو مہینے کی ادویات کے اخراجات صوبائی حکومت جبکہ دس مہینے کی ادویات کے اخراجات دواساز کمپنی برداشت کرے گی۔
اس مقصد کیلئے محکمہ صحت نے پشاور میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے علاوہ ڈی آئی خان اور ایبٹ آباد میں بھی کینسر کے مریضوں کے مفت علاج کیلئے سنٹرز قائم کئے گئے ہیں تین سال تک اس منصوبے کے تحت ادویات لینے والے مریضوں کو آئندہ پانچ سال کیلئے نوارٹس کمپنی یہ ادویات بلا معاوضہ فراہم کریگی کینسر کے علاج کیلئے استعمال ہونے والی پانچ ادویات کی قیمت1 لاکھ 19 ہزار، 90 ہزار، 3 لاکھ 82 ہزار، 3 لاکھ 76 ہزار اور تین لاکھ روپے ہے
ذرائع نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت رواں سال جون تک صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 8 ہزار سے زائد کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیلئے رجسٹریشن ہوا ہے جن میں خون کے کینسر میں مبتلاافرادکی تعداد3ہزار764 جبکہ دیگر اقسام کے کینسر میں مبتلا افراد 4ہزار850 ہے ان مریضوں میں 56 فیصد مرد جبکہ 44 فیصد خواتین شامل ہیں جن کی عمریں 5 سے 97 سال کے درمیان ہیں۔

مزید پڑھیں:  ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری نتائج ،ن لیگ نے میدان مار لیا