اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو

اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو، پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پرمشتمل کمیٹی بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہی اعظم سواتی کو محفوظ رہائش فراہم کی تھی
ویب ڈیسک: اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھاکہ سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے، ان کے انکشاف سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی، سینیٹراعظم سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت کے مالک ہیں انہیں کوئٹہ میں بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش فراہم کی، بطور مسلمان اور بلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھاکہ سینیٹر اعظم سواتی ایوان کے باعزت رکن ہیں، ان کی تکالیف کا ادراک ہے، اعظم سواتی خود اوراہلیہ تہجد گزار ہیں، ان کی اہلیہ ماں کا درجہ رکھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنائی جارہی ہے کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہونگے۔
کمیٹی اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لیکر رپورٹ دے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ مرتب کر کے ایوان میں پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو جعلی قرار دے دی ہے۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر کراچی پہنچ گئے، مزار قائد پر حاضری