پی ٹی آئی

پی ٹی آئی کی کال کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، رانا ثناء اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے دی گئی کال کو عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے
ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ درجن بھر کارکنوں کے علاوہ احتجاج میں عوام کی عدم شرکت نے ثابت کردیا کہ پی ٹی آئی کے فتنہ اورانتشار کو عوام کی حمایت حاصل نہیں، پاکستان کے عوام رواداری، عزت اور احترام کی سیاست اور جمہوری رویوں پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو روز سے پولیس کی پروٹیکشن اور صوبائی حکومتوں کی ایما کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سڑکیں بلاک کرنا اور قومی شاہراہوں کو بند کرنا قابل مذمت اور باعث شرم ہے، عوام کو مشکلات اور تکلیف میں ڈال کر تحریک انصاف اپنی فسطائی سیاست کی ناکامی کا غصہ نکال رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے عوام انتہائی مشکل کا شکار ہیں، لوگ اپنی منزلوں پر پہنچنے سے قاصر ہیں، مریض ہسپتالوں کا رخ نہیں کر سکتے، صوبائی حکومتوں کی خاموشی اور احتجاجی کارکنوں کے اس غیر قانونی عمل میں معاونت قابل مذمت ہے۔
انہوں نے وزارت داخلہ کے ذریعے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹھی بھر کارکنان کی پشت پناہی سے باز رہیں اور عوام کو تکلیف پہنچانے اور قومی شاہراہوں کو بند کر نے کے عمل کو فی الفور روکیں۔
آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیکر تادیبی کارروائی کریں۔

مزید پڑھیں:  ضلع مہمند میں پہلی بار مشترکہ مشاعرے کا انعقاد