دہشتگرد کمانڈر

خیبر میں٘ پاک فوج کا آپریشن، اہم دہشتگرد کمانڈر ہلاک،ایک جوان شہید

خفیہ اطلاعات پر ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ مطلوب دہشتگرد کمانڈر لیاقت علی عرف شاہین ہلاک، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی سلیم خان وطن پر قربان ہوگئے، علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوفیہ اطلاعات پر ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں آپریشن کیا جس میں فوجی جوانوں اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں اہم دہشتگرد کمانڈر لیاقت علی عرف شاہین مارا گیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان سلیم خان دہشتگردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ،دہشتگردی اور بھتہ خوری میں ملوث تھا، اس کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 28 سالہ سپاہی سلیم خان کا تعلق صوابی سے تھا۔

مزید پڑھیں:  تائیوان میں‌ قیامت خیز زلزلہ، 9 افراد ہلاک، متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا