آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر غیر ضروری سیاست کی جا رہی ہے، بلاول

وزیر خارجہ اور پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست ایک تعیناتی کے گرد گھومتی ہے، آرمی چیف کی تعیناتی پر غیر ضروری سیاست کی جا رہی ہے، اس کام کو آئین اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہےکہ آرمی چیف کی تعیناتی پر غیر ضروری سیاست کی جا رہی ہے، ہمارے کسی اتحادی یا کسی کوبھی جلسوں میں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، سب چیزوں کو آئین اور قانون کے مطابق چلنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب کی سیاست شروع دن سے آج تک اس ایک تعیناتی پر ہے، اس وقت سب کو معلوم ہے کہ ملک کے معاشی حالات کیسے ہیں، معیشت اور بجٹ پر بھی سیلاب کے اثرات پڑے ہیں، سیلاب کے باعث لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں، اتحادی حکومت ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کیلئے کام کر رہی ہے، پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس پاکستان کی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر ہونا چاہیے نہ کہ بلا وجہ کی بیان بازی پر، یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے اثرات ہم بھگت رہے ہیں، کورونا وائرس اور یوکرین روس جنگ اور موسمی تبدیلیاں ہمیں متاثرکر رہی ہیں، ہمیں بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں:  سائفر کیس:اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کے مدعی بننے پر سوال اٹھا دیا